گواہاتی:
بھارتی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریبات جاری ہیں تاہم اس اہم قومی دن کے موقع پر ریاست آسام کے ضلع دیبر گڑھ میں 3 اور ضلع چاریڈیو میں ایک زور دار دھماکا ہوا ہے۔
یہ دھماکے گُردوارہ اور ایک بازار سمیت عوامی مقامات پر ہوئے ہیں تاہم دھماکوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ گوردوارہ کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے اور عام تعطیل ہونے کی وجہ سے بازار بھی خالی تھا۔
پولیس نے گرنیڈ دھماکوں کی ذمہ داری علیحدگی پسند عسکری تنظیم ’الفا‘ پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ اس تنظیم نے بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا، دھماکے اسی تناظر میں کیے گئے ہیں تاکہ لوگوں میں خوف و ہراس پھیل جائے۔
واضح رہے کہ بھارت میں اقلیتوں کے لیے منفی پالیسیوں کے باعث پیدا ہونے والی محرومیوں نے کئی علیحدگی پسند جماعتوں کو جنم دیا ہے جن میں سے ایک یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام یعنی ULFA بھی ہے جس کی جڑیں پڑوسی ملک میانمار میں بھی ہیں۔