’ینگ اسٹنرز‘ بھارت میں پرفارم کریں گے؟

’ینگ اسٹنرز‘ بھارت میں پرفارم کریں گے؟


’ینگ اسٹنرز‘ کے نام سے مشہور پاکستانی گلوکار طلحہ انجم اور طلحہ یونس کے بھارت میں کنسرٹ سے متعلق خبریں گردش کر رہی ہیں۔

طلحہ انجم اور طلحہ یونس اب تک دنیا کے کئی ممالک میں کنسرٹس کر چکے ہیں اور اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ یہ رواں برس دسمبر میں بھارت جائیں گے، ان کے کنسرٹ بھارت کے شہر بنگلورو، دہلی اور ممبئی میں شیڈول ہیں۔

بھارت میں’ینگ اسٹنرز‘ کے اس دورے کے انتظامات ’اسکل باکس‘ کی جانب سے کیے جا رہے ہیں، ان کے کنسرٹس کا انعقاد 13 دسمبر سے 25 دسمبر تک متوقع ہے۔

فوٹو اسکرین شاٹ
فوٹو اسکرین شاٹ

’ینگ اسٹنرز‘ بھارت میں اپنے پہلے ٹور کا آغاز 13 دسمبر کو ممبئی سے کریں گے جس کے بعد21 دسمبر کو بنگلورو میں جبکہ 25 دسمبر کو دہلی میں پرفارم کریں گے۔

’اسکل باکس‘ نے کنسرٹس کے لیے پری رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے جس میں پہلے آنے والوں کو ترجیحی بنیادوں پر ٹکٹ فروخت کیے جارہے ہیں۔

تاہم ’ینگ اسٹنرز‘ نے خود ابھی تک اپنے دورۂ بھارت کی تصدیق نہیں کی ہے۔

’ینگ اسٹنرز‘ کے دورۂ بھارت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر کچھ بھارتی صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے طلحہ انجم کی پرانی سوشل میڈیا پوسٹس شیئر کرنا شروع کردیں ہیں جس میں انہوں نے مبینہ طور پر بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن کا مذاق اڑایا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کی اور مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی کی حمایت کی تھی۔

اس حوالے سے دہلی میں بی جے پی کے سوشل میڈیا کے شریک سربراہ انکت جین نے بھی’ینگ اسٹنرز‘ کے دورۂ بھارت کی مخالفت کر دی ہے۔

اُنہوں نے کہا ہے کہ ’ینگ اسٹنرز‘ کو بھارت میں پرفارم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں