یمن میں کورونا وائرس سے اوّلین ہلاکتیں، اقوامِ متحدہ کو تشویش


عدن: گزشتہ روز یمن میں کورونا وائرس سے پانچ افراد کے متاثر ہونے اور دو اوّلین ہلاکتوں کے بعد اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ جنگ زدہ یمن میں کورونا وائرس کی وبائی صورتِ حال زیادہ خطرناک اور ہلاکت خیز ہوسکتی ہے۔

یمن کے وزیرِ صحت نے گزشتہ روز مقامی سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو میں بتایا کہ ناول کورونا وائرس سے متاثرین اور ہلاک شدگان کا تعلق ساحلی شہر عدن سے ہے، جہاں اس اطلاع کے فوراً بعد 24 گھنٹے کا سخت کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یمن میں گزشتہ پانچ سال سے حوثی باغیوں اور سرکاری فوج کے درمیان شدید جنگ جاری ہے جس کے نتیجے میں وہاں ہر طرف تباہی و بربادی کا راج ہے جبکہ یمنی عوام کی اکثریت کا گزارا امداد پر ہے کیونکہ ان کے ذرائع آمدن تقریباً ختم ہوچکے ہیں۔

اقوامِ متحدہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جنگ کے باعث بھوک اور طبّی سہولیات میں کمی کے شکار یمن میں کورونا وائرس کی وبا نہ صرف زیادہ تیزی سے پھیل سکتی ہے بلکہ زیادہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں