صنعا:
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے شہر مارب میں واقع فوجی کیمپ پر مبینہ طور پر حوثی باغیوں نے کئی میزائل داغے، میزائل حملے میں 70 سے زائد فوجی کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جب کہ 50 سے زائد زخمی ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ادھر یمنی فوج اور سرکاری حکام کا دعویٰ ہے کہ حملہ حوثی باغیوں نے کیا ہے، میزائل فوجی کیمپ میں واقع مسجد پر اس وقت گرے جب نماز کی ادائیگی کے لیے فوجیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، میزائل حملے میں مسجد بھی شہید ہوگئی تاہم حوثی باغیوں نے یمنی حکومت کے الزام کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔
واضح رہے کہ یمن میں 2014 سے حوثی باغیوں اور سعودی اتحادی افواج کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے جس میں اب تک ہزاروں لوگ مارے جا چکے ہییں، لاکھوں بے گھر ہوگئے اور غذائی قلت کے باعث بچوں کی ہلاکتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔