یقین دلاتا ہوں 15 جنوری تک نواز شریف جیل میں ہوں گے: وزیر اطلاعات


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 15 جنوری کو جیل میں ہوں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ایک طرف مریم کہتی ہیں کراچی انکوائری کی ضرورت نہیں، اور دوسری طرف کہتی ہیں کہ انکوائری ہوئی تو پیش ہوں گی، مریم نواز نے متضاد باتیں کیں، جھوٹ تو ان کی گھٹی میں ہے۔

ان کا کہنا تھا ان لوگوں نے اپنے دور میں کس طرح چادرچاردیوار کا تحفظ کیا، ماڈل ٹاؤن میں خواتین پر فائرنگ کی گئی، بینظیر بھٹو کی تصاویر ہیلی کاپٹر سے گرائیں، اس وقت چار دیواری کا تقدس نہیں تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ہم نے گرفتار نہیں کیا، سندھ پولیس نے گرفتار کیا، یہ آپس میں ایک دوسرے سے مخلص نہیں، اور سیاست سیاست کھیل رہے ہیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، جو ہوتا ہے یہ ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل کی فوٹیجز سے ان کا جھوٹ سامنے آگیا ہے، ان لوگوں نے جمہوریت کو کمزور کیا، یہ جب حکومت میں ہوتے ہیں تو ووٹ کی عزت بھول جاتے ہیں۔

وزیر  اطلاعات کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، خواجہ آصف سب نیب زدہ ہیں، عوام ٹیکس دیتے ہیں، آپ اس کے امین ہوتے ہیں، لیکن آپ لوگوں نے عوامی پیسے سے فائدہ اٹھایا اور جائیدادیں بنائیں۔

مریم نواز کی جانب سے حکومت جانے کے دعوے سے متعلق بات کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہتے ہیں کہ جنوری میں حکومت جا رہی ہے، لیکن ہوشیار رہیں انہوں نے سال نہیں بتایا۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پاکستان لائیں گے، ان کی اصل جگہ جیلیں ہیں، نواز شریف 15 جنوری کو پاکستان کی جیل میں ہوں گے، عمران خان ان کو نہیں چھوڑے گا، پیسے واپس لائیں گے اور  ان کو سزا دلوائیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں