کراچی:
گلوکار واداکار علی ظفر نے کہا ہے کہ انہیں یقین تھا ایک دن وہ بڑےاسٹار بنیں گے۔
علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ ایک تقریب کے دوران اپنی کامیابی کا سفر بتاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ علی ظفر نے ہال میں بیٹھے شرکا سے اپنے کیر یئراور ابتدائی زندگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان کےوالد انہیں سی ایس پی آفیسر بنانا چاہتے تھے لیکن وہ گلوکار بننا چاہتے تھے۔
لہذٰا انہوں نے اپنے والد کو کہا بابا میں گلوکار بننا چاہتاہوں جس پر میرے والد نے کہا دیکھو تم سی ایس پی آفیسر بنوگے تو تمہارے آگے پیچھے گاڑیاں ہوں گی لوگ تمہیں سلام کریں گے جس پر میں نے کہا میں چاہتاہوں لوگ مجھے میری پوسٹ سے نہیں بلکہ میرے کام کی وجہ سے سلیوٹ کریں۔
علی ظفر نے کہا یہ تمام باتیں بتانے کا مقصد یہ ہے آپ میں سے ہر انسان بہت خاص ہے۔ صرف آپ کو اپنے اندر جھانکنا ہے اور خود کو پہچاننا ہے کہ آپ کے اندر کیا صلاحیت چھپی ہوئی ہے اور اس صلاحیت کو ڈھونڈ کر اپنی زندگی کے سفر کا آغاز کریں۔