یاسر حسین کا شادی کے بعد وہ روپ جو اب تک کسی نے نہیں دیکھا


اداکاری کرتے ہوئے تو یاسر حسین کو سب ہی نے دیکھا ہوگا اور سب ہی ان کی صلاحیتوں کے معترف ہیں لیکن ساتھی اداکارہ اقرا عزیز سے شادی کے بعد ان کے ایک اور ہنر کا انکشاف ہوا ہے اور اس روپ میں آپ نے انہیں کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔

یاسر حسین اور اقرا عزیز کی جوڑی پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین ’نوبیاہتا جوڑی‘ بن گئی ہے۔ دونوں سوشل میڈیا پر اپنی مصروفیات سے مداحوں کو ہر وقت آگاہ رکھتے ہیں۔ دلچسپ کیپشن، خوبصورت تصاویر اور دلکش الفاظوں سے ایک دوسرے کو سراہنے کا عمل مداحوں کو بھی خوب بھاتا ہے۔

حال ہی میں اقرا عزیز نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں یاسر حسین کو ’باورچی‘ ۔۔۔ جی ہاں ’باورچی بنتے دکھایا گیا ہے، ایک ’سگھڑ‘ شوہر کی طرح یاسر حسین کھانا پکانے کے لیے درکار چیزوں کو خریدنے مارکیٹ کا رخ کرتے ہیں، صاف، تازہ، ذائقہ دار سبزیاں اور گوشت وغیرہ خریدتے ہیں۔

یاسر حسین کی یہ تیاریاں اہلیہ اقرا عزیز کے لیے اپنی پسندیدہ ڈش پلاؤ بنانے کے لیے ہیں۔ یاسر حسین کچن کے لوازمات کو سنبھالتے ہوئے کسی ماہر باورچی کی طرح کوکنگ کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں اور ایک ذائقہ دار پلاؤ تیار کرکے خود کو سگھڑ شوہر ثابت کردیتے ہیں۔

اس موقع پر اقرا عزیز بھی پھولے نہیں سمائیں اور اپنے شوہر کے ذائقہ دار پکوان سے اتنی خوش ہوئیں کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کردی اور ساتھ ہی مزیدار کیپشن دیا  کہ پیار کا پلاؤ بنانے پر یاسر حسین کو ’بہترین باورچی‘ کا سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں