سول، جنوبی کوریا: جنوبی کوریا کی آٹو ساز کمپنی ہیونڈے کا کہنا ہے کہ کمپنی نے چاند پر تحقیق کے لیے ایک روور کے آزمائشی ورژن پر کام شروع کر دیا ہے۔
گزشتہ برس دارالحکومت سول کی مقامی کمپنی نے ایرو اسپیس شعبے سے تعلق رکھنے والے کوریا کے چھ تحقیقی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے معاہد پر دستخط کیا تھا جس کا مقصد چاند کی سطح پر تحقیق کے لیے نقل و حرکت کے مسئلے کے حل کے لیے کام کرنا تھا۔
اس گروپ کا مقصد 2024 کے دوسرے حصے میں ایک ابتدائی ٹیسٹ یونٹ بنانا ہے جس کا مکمل اور حتمی ماڈل 2027 میں لانچ کیا جائے گا۔
گزشتہ برس جون میں جنوبی کوریا نے زمین کے نچلے مدار میں سیٹلائیٹ بھیجنے کے لیے ملک میں بنا پہلا راکٹ لانچ کیا تھا اور اب 2031 میں چاند کی سطح پر روبوٹک لینڈر بھیجنے کا منصوبہ ہے۔
ہیونڈے کے مطابق کمپنی اس معاملے میں روبوٹکس اور آٹونومس ڈرائیونگ ٹیکنالوجیز کے متعلق معلومات کو سامنے رکھے گی۔ منصوبے کے مطابق کمپنی کی جانب سے بنائے گئے ٹکڑے روور کے نچلے حصے میں لگیں گے جبکہ اوپر کا حصہ تحقیق کے لیے ضروری سائنسی پے لوڈ پر مشتمل ہوگا۔
روور کے مکمل ہونے کے بعد اس کو چاند کے جنوبی قطب میں اتارا جائے گا۔ شمسی توانائی سے چلنے والے اس خودکار روور کا وزن 71 کلو سے تھوڑا کم متوقع ہے۔