پاکستان میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ،اظہار رائے کی آزادی سلب کئے جانے ، پی ٹی آئی کے خلاف ریاستی طاقت کے استعمال کے خلاف اور عمران خان کے حق میں ہیوسٹن میں فرینڈز آف پاکستان اور پاکستانی امریکنز کی جانب سے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی کی قیادت پی ٹی آئی امریکہ کے رہنماؤں سجاد برکی ،عاطف خان نے کی۔
انہوں نے اس موقع پر اراکین کانگریس کے نمائندوں کو ہزاروں پاکستانی امریکنز کے دستخطوں کے ساتھ تحریری پیٹیشن بھی پیش کی۔
ریلی سے ٹیلی فون کے ذریعہ خاتون رکن کانگریس اور کانگریس میں پاکستانی کاکس کی چیرپرسن شیلا جیکسن لی نے بھی خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا-
احتجاجی مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر خواتین کو ہراساں کرنے ،پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی پامالی کی فوری بندش کے مطالبات درج تھے۔
مظاہرین اس موقع پر سیاسی رہنماؤں کارکنوں اور میڈیا پرسنز کی فوری بازیابی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سجاد برکی اور عاطف خان نے بائیڈن انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور تمام قوتوں کے درمیان مفاہمت کے لئے اپنا اثر رسوخ استعمال کرے۔
مظاہرین اس موقع پر عمران ریاض خان اور بول کے مارکیٹنگ ہیڈ آکاش کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔