ہیوسٹن میں پاکستانی تجارتی وفد کے ساتھ اہم کاروباری میٹنگ کی میزبانی: HKSC اور GHP تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال، سیالکوٹ کی کمپنیوں کی شرکت


ہیوسٹن ( راجہ زاہد اختر خانزادہ)
امریکی شہر ہیوسٹن میں ،ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے تعاون سے گریٹر ہیوسٹن پارٹنرشپ نے ہیوسٹن چیمبر آف کامرس کے دفتر میں ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی سرپرستی میں بھیجی گئی ، پاکستان کے شہر سیالکوٹ کی 11 اہم کمپنیوں پر مشتمل پاکستانی تجارتی وفد کے ساتھ اہم بزنس میٹنگ کی میزبانی کی۔ جی ایچ پی کے نائب صدر جان سائفر نے اپنی بین الاقوامی تجارتی ترقی کی ٹیم کے ساتھ وفد کا خیرمقدم کیا اور ایک خصوصی پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے ہیوسٹن اور پاکستان کے تجارتی تعلقات کو نمایاں کیا۔ بحث کی قیادت پاکستان کے تجارت اور سرمایہ کاری کے اتاشی مسٹر سلمان رضا اور صدر ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن ، محمد سعید شیخ نے کی۔ مسٹر جان سائفر نے ہیوسٹن شہر کے اہم شعبوں بشمول لاجسٹک، ہیلتھ کیئر، انرجی اور ایرو اسپیس پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ کس طرح ہیوسٹن نے امریکہ میں سب سے بڑی بندرگاہ رکھنے والے امریکہ کے چوتھے بڑے شہر کے طور پر کام کیا ہے۔ مسٹر سائفر نے کہا کہ ہیوسٹن ایک ایسا علاقہ ہے جس میں کاروباری ترقی کے لیے زبردست مراعات ہیں۔ سیالکوٹ کے کاروباری وفد نے واضع کیا کہ کس طرح سیالکوٹ ، کھیلوں کی دنیا میں فٹ بال سے لے کر ریسنگ سپورٹس ، لیدر گارمنٹس اور ہیلتھ کیئر پروڈکٹس کا مرکز ہے۔ مسٹر جان سائفر اور مسٹر سلمان رضا نے پاکستان اور ہیوسٹن کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے مختلف طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں گریٹر ہیوسٹن پارٹنرشپ کے تعاون سے ایک امریکی وفد ، اکتوبر میں ہونے والی پاکستان بزنس ایکسپو میں شرکت کرے گا ۔ اس کے ساتھ ساتھ ہیوسٹن میں پاکستانی کمپنیوں اور تجارتی وفود کے لیے ، کاروباری ترقی کے سلسلے میں تعاون کی راہیں تلاش کی جائیں گی۔ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ نے GHP چینل کے ذریعے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی اسوسی ایشن کا اس کام کے حصول میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ مسٹر جان سائفر نے حکومت پاکستان اور مندوبین کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں تعاون کا یقین دلایا۔ یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ پاکستانی کمپنیوں اور ہیوسٹن کے درمیان اس طرح کے اقدامات کی کوششیں مستقل طور پر جاری رہنی چاہئیں۔ چیف ڈیلیگیٹ جناب ذیشان زیب نے جی ایچ پی کو سیالکوٹ چیمبر شیلڈ پیش کی ۔


اپنا تبصرہ لکھیں