پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما حنیف عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ اڈیالہ جیل کا جو قیدی نمبر 804 ہے، اسے ہیروئن اور چرس فروخت کرنے کے الزام میں پکڑا ہوا ہے، اور اسے 10 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا جیلوں سے اس لیے تعلق ہے کیونکہ میں ویلفیئر کا کام کرتا ہوں، ہیروئن اور چرس بیچنے کے الزام میں جسے پکڑا ہوا ہے، اس کا قیدی نمبر 804 ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ اڈیالہ جیل سے تفصیلات نکلوا لیں۔
انہوں نے تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ لوگ سارا وقت قیدی نمبر 804، قیدی نمبر 804 کہتے رہتے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جیل سے پیغام دیا ہے کہ پارلیمنٹ میں کسی بندے سے ہاتھ ملانے کی ضرورت نہیں ہے، آپ اندازہ لگائیں کہ اتنی نفرت تو دشمنوں میں نہیں ہوتی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین انہیں قیدی نمبر 804 قرار دیتے ہیں، جو سائفر کیس میں 10 سال، توشہ خانہ ریفرنس میں 14 سال اور غیرشرعی نکاح کیس میں 7 سال کی سزا اڈیالہ جیل میں کاٹ رہے ہیں۔
تاہم حنیف عباسی کا دعویٰ ہے کہ قیدی نمبر 804 بانی پی ٹی آئی نہیں بلکہ کوئی اور ہے۔