ہونڈا کا نیا اسکوٹر جسے چلانے کے لیے پٹرول کی بجائے بجلی کی ضرورت ہوگی۔
وویانگ ہونڈا کا تیار کردہ الیکٹرک اسکوٹر کیوٹسی یو بی چین میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ سنگل چارج پر 50 میل تک سفر کرسکے گا۔
یہ 2 کمپنیوں کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے اور فی الحال صرف چین میں ہی فروخت کیا جائے گا۔
فیچرز کے لحاظ سے یہ ایک ای بائیک کی طرح ہے کیونکہ اس میں پیڈلز بھی موجود ہیں تاکہ چین میں اسے خریدنے والوں کو ڈرائیور لائسنس کی بھی ضرورت نہ ہو۔
اسکوٹر میں 350 واٹ موٹر موجود ہے جو اسے 15 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
رفتار کم رکھنے کی وجہ چین میں الیکٹرک سائیکل کی رفتار کی حد کو برقرار رکھنا ہے تاکہ ریگولیٹری اخراجات کو کم کیا جاسکے۔
مگر صارفین 720، 960 اور 1152 واٹ موٹرز کے آپشنز میں سے بھی انتخاب کرسکتے ہیں جو سنگل چارج پر بالترتیب 34، 43 اور 50 میل تک سفر کرسکتی ہیں۔
قانون کی نظر میں الیکٹرک سائیکل ہونے کے باوجود یہ ایک اسکوٹر ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سے ٹریفک کے رش میں بروقت اپنی منزل پر پہنچنا ممکن ہوگا۔
چین سے باہر اسے متعارف کرایا جائے گا یا نہیں اس بارے میں کمپنی نے کچھ نہیں بتایا اور اس کی قیمت 475 ڈالرز (78 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔