ہونڈا آخرکار نئی ‘سٹی’ پاکستان میں متعارف کرانے کے لیے تیار


ہونڈا کی جانب سے پاکستان میں مقبول گاڑی سٹی کو پاکستان میں متعارف کرائے جانے کی رپورٹس کئی ماہ سے سامنے آرہی ہیں۔

اس گاڑی کے بارے میں مئی کے شروع میں اٹلس ہونڈا پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ٹیزر پوسٹ کیا گیا جس پر لکھا تھا کہ انتظار ختم ہوا۔

بعد ازاں مئی کے وسط میں کمپنی نے ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا کہ نئی سٹی کی بکنگ اور دیگر تفصیلات کے لیے صارفین قریبی ہونڈا ڈیلر شپ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

اب کمپنی نے ایک اور ٹیزر ویڈیو جاری کی ہے جس میں اشارہ دیا گیا ہے کہ آخرکار یہ نئی گاڑی پاکستان میں متعارف ہونے کے لیے تیار ہے۔

ہونڈا پاکستان کے آفیشل فیس بک پیج پر ویڈیو میں کہا گیا کہ ‘انتظار کرنے والوں کو ہی اچھی چیزیں ملتی ہیں’۔

نئی سیڈان گاڑی کو متعارف کرانے کا اشارہ دیتے ہوئے کمپنی نے لکھا ‘تیار ہوجائیں آخرکار وقت آگیا ہے’۔

تو اس سے عندیہ ملتا ہے کہ نئی ہونڈا سٹی کو بہت جلد پاکستان میں پیش کردیا جائے گا تاہم اب بھی کسی واضح تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مئی سے اس نئی گاڑی کی بکنگ جاری ہے اور اب تک متعدد افراد نے اسے بک بھی کرایا مگر اب تک کسی نے گاڑی کو دیکھا بھی نہیں۔

مئی میں پاک وہیلز نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ 6 جنریشن سٹی کو پاکستان میں پیش کیا جارہا ہے۔

تاہم اب بھی یقین سے کہنا مشکل ہے کہ ہونڈا کی جانب سے 6 یا 7 جنریشن میں سے کونسا ماڈل پاکستان میں متعارف کرایا جارہا ہے اور اس کا علم لانچ کے بعد ہی ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق نئی ہونڈا سٹی 5 ورژنز میں دستیاب ہوگی جس میں سے 2 میں 1200 سی سی انجن ہوگا جبکہ باقی 3 میں 1500 سی سی انجن دیا جائے گا۔

1200 سی سی انجن 89 ہارس پاور جبکہ 1500 سی سی انجن 118 ہارس پاور فراہم کرے گا۔

یہ ورژن سٹی 1.2 ایل مینوئل، سٹی 1.2 ایل سی وی ٹی، سٹی 1.5 ایل سی وی ٹی، سٹی ایسپائر 1.5 ایل ایم ٹی اور سٹی ایسپائر 1.5 ایل سی وی ٹی پر مشتمل ہوں گے۔

ہونڈا سٹی مارکیٹ میں ٹویوٹا یاریز، چینگن ون، پروٹون ساگا اور دیگر کو ٹکر دے گی۔

قیمت کے بارے میں ابھی یقین سے کہنا مشکل ہے مگر اس کی ممکنہ قیمت 25 سے 30 لاکھ روپے کے درمیان تک ہوسکتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں