ہم پی ٹی آئی کے ورکر ہیں تو ویڈیوز بھی ان ہی کے ساتھ بناتے ہیں، حریم شاہ


کراچی: 

ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کا سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز کے حوالے سے کہنا ہے کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کے ورکر ہیں تو ویڈیوز بھی ان ہی کے ساتھ بناتے ہیں۔

ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے گزشتہ چند ماہ میں پاکستانی سیاست اور سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی ہے۔ پہلے دفتر خارجہ اور پھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے ساتھ رقص کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حریم شاہ کی وزیر ریلوے شیخ رشید کے ساتھ لائیو ویڈیو کال کی ویڈیو نے پاکستانی میڈیا پر پلچل مچادی ہے۔

حال ہی میں ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے نجی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ویڈیوزپر بات کرتے ہوئے کہا کہ معاملات کو پی ٹی آئی سے نہ جوڑا جائے، ہم پی ٹی آئی کے ورکر ہیں تو ویڈیوز بھی ان ہی کے ساتھ بناتے ہیں۔

حریم شاہ نے کہا ہم کل بھی خان صاحب کے ساتھ تھے آج بھی خان صاحب کے ساتھ ہیں، میری پوری فیملی تحریک انصاف میں شامل ہے۔ مجھ سے منسوب سوشل میڈیا پر پیغامات جھوٹے ہیں، میری ویڈیوز سے کسی کو کیا فرق پڑتا ہے ان ہی لوگوں سے پوچھیں۔ حریم شاہ نے کہا ابھی تک میں نے کسی کو کوئی دھمکی نہیں دی، اگر کبھی بات کروں گی تو ثبوتوں کے ساتھ کروں گی۔

سوشل میڈیا پر حریم شاہ کی ایک تصویر گردش کررہی ہے جس میں وہ کسی مرد کی گود میں بیٹھی ہوئی نظر آرہی ہیں تاہم آدمی کا چہرہ نظر نہیں آرہا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس تصویر کے حوالے سے حریم شاہ نے کہا کہ  ہماری تصویریں  ایڈٹ (فوٹوشاپ) کی جارہی ہیں اور ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں