کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ ہم نے قائداعظم محمد علی جناح کے قول اور مقصد کو تبدیل کر دیا۔
سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا پارلیمانی نظام نے ڈکٹیٹر کا روپ لے لیا، آئین اور جمہوریت اس ملک میں ضرور ہے لیکن صرف لبوں پر، آئین کی بالادستی کرنے والوں کو ملک کا غدار کہا گیا۔
سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ کیا قائد اعظم کے پاکستان میں لاپتا افراد کا کوئی تصور تھا؟ کیا قائد کے پاکستان میں بادشاہت کا تصور نہیں تھا؟ بادشاہت ایک فرد کی بھی ہوتی ہے اور ایک ادارے کی بھی ہوتی ہے۔
رضا ربانی نے کہا کہ حکومت معاہدے کرتی ہے، آپ کی اور میری قسمت کا معاہد ہ کرتی ہے اور ہمارے حقوق کو گروی رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 117 دن گزر گئے لیکن سینیٹ کا اجلاس نہیں ہوا، ہم نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے قول اور مقصد کو تبدیل کر دیا ہے۔
اسلامی تعاون کی تنظیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ او آئی سی، اوہ آئی سی ہی بن کر رہ گئی ہے، ایک ملک کہتا ہے او آئی سی میں نہیں جانا ہم نہیں جاتے، اب ہم ایک قدم اور نیچے آگئے ہیں۔