جنرل مینجر بگ بیش لیگ الیسٹر ڈوبسن نے کہا ہے کہ ہم منتظر ہیں کہ حارث رؤف اس سال بھی بی بی ایل کا حصہ ہوں۔
آن لائن پریس کانفرنس میں الیسٹر ڈوبسن نے کہا کہ ساؤتھ ایشیاء کے کھلاڑی بگ بیش لیگ کے کامیاب کھلاڑی ہیں، فاسٹ بولر حارث رؤف سے بڑھ کر کسی اور کی مثال نہیں دی جا سکتی، انہوں نے بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز سے کھیل کر خود کو منوایا۔
الیسٹر ڈوبسن کا کہنا ہے کہ بگ بیش لیگ کے کئی کلب میں ساؤتھ ایشیاء کے کھلاڑی آتے رہتے ہیں، ساؤتھ ایشین کھلاڑیوں کی مہارت ایسی ہے کہ وہ مقامی فینز کو متوجہ کر لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اُمید ہے آئندہ سیزن میں بھی بڑی تعداد میں ساؤتھ ایشین کھلاڑی آئیں گے، بگ بیش لیگ کے ڈرافٹ 2 ہفتوں میں ہیں، اچھی تعداد میں نامزدگیاں ہوں گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بگ بیش لیگ کے کلب اپنی ٹیموں کو مضبوط کرنے کی پلاننگ کر رہے ہیں۔