معروف اداکارہ حرا مانی نے کہا ہے کہ پاکستانی بہادر قوم ہیں، ہم نے خوفناک زلزلے کو سہا اور کراچی میں ایسے حالات کا سامنا کیا جب آئے دن ہڑتالیں ہوتیں اور کبھی اِدھر سے تو کبھی اُدھر سے فائرنگ ہوتی تھی۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو میں ابھرتی ہوئی اداکارہ حرا مانی نے جہاں لاک ڈاؤن اور ملک کے حالات پر اظہار خیال کیا وہیں راشن کی تقسیم میں نمود و نمائش سے متعلق چھبتے ہوئے سوالوں کا بڑے تحمل سے جواب دیا۔ آزادی اظہار رائے پر یقین رکھنے اور ٹرولنگ پر مسکرانے کا فن انہوں نے اپنے شوہر مانی سے سیکھا جو خود بھی ایک اداکار اور میزبان ہیں۔
مارچ میں لاک ڈاؤن کے آغاز کے وقت حرا مانی امریکا میں مقیم تھیں جہاں سے انہوں نے ایک پیغام میں امریکیوں کو بزدل قرار دیا اور پاکستانیوں کی بہادری کی تعریف کی تھی۔ امریکیوں سے متعلق اپنے تبصرے پر غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ مجھے ایسا جملہ نہیں بولنا چاہیئے تھا تاہم حرا مانی نے اس پیغام میں پاکستان کی تعریف سے متعلق جملوں کو نظر انداز کیے جانے کا شکوہ بھی کیا۔
پاکستان ڈرامہ میں بہت جلدی اپنا الگ مقام بنانے والی حرا مانی نے مزید کہا کہ پاکستانی بہادر قوم ہیں جنہوں نے 1965 کی جنگ چھت پر کھڑے ہو کر دیکھی، سونامی الرٹ آئے تو ہم لوگ سی ویو کا رخ کرتے ہیں اور مجھے یاد ہے کہ جب زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے تو فلیٹ سے نیچے اتر آتے اور خوب ہنسی مذاق کرتے۔ کراچی میں ہڑتالیں اور فائرنگ دیکھی لیکن کبھی خوف زدہ نہیں ہوئی تو ہم بحثیت مجموعی ایک بہادر قوم ہیں جس کی داد دنیا بھر سے ملنی چاہیئے۔
امریکا سے واپسی پر لاک ڈاؤن متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کے لیے نام اور تصویر کے استعمال پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب تمام تقریبات اور مصروفیات کی تصاویر شیئر کرتی ہوں تو جب اچھا کام کر رہی ہوں تو اس کی تصویر کیوں نہ لگاؤ۔ اس کا مقصد شہرت نہیں بلکہ لوگوں کو ترغیب دینا ہے تاہم میں اب تنقید کو سنجیدگی سے نہیں لیتیں کیوں کہ مانی نے سمجھایا کہ ہر مشہور شخص کو بے جا تنقید کا سامنا بھی کرنا ہوتا ہے۔
حرا مانی کی شادی 19 سال کی عمر میں ہی ہوگئی تھی اور اب وہ دو بچوں کی ماں بھی ہیں لیکن اپنے انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ میں ہمیشہ یہی سوچتی تھی کہ میری ایک سادہ سی گھریلو بیوی کی زندگی ہوگی۔ اسی سوچ کے ساتھ میں نے شادی کی تھی لیکن شوبز کی مصروفیات کے باعث ایسا نہ ہوا۔ سادہ سی گھریلو بیوی کی زندگی مجھے شادی کے 12 سال بعد لاک ڈاؤن میں ملی۔