\
ہالینڈ میں 101 سالہ خاتون نے کورونا وائرس کو شکست دے کر عزم و حوصلے کی مثال قائم کردی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق نیدرلینڈز میں 101 سالہ خاتون مہلک کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئی ہیں۔
خاتون کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ وہ 1919 میں ہسپانوی فلو کی وباء کے دور میں پیدا ہوئیں اور اب انہوں نے عالمگیر وبا کووِڈ 19 کو بھی شکست دے دی ہے۔
خاتون کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم ان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتہ قبل انہیں سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے روٹرڈیم کے اسپتال لایا گیا جہاں ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
انہیں ایک ہفتے تک آئسولیشن میں رکھا گیا اور اب وہ صحتیاب ہوکر گھر واپس جانے کی تیاریاں کررہی ہیں۔
ماہر امراض تنفس ڈاکٹر سنیل رام لال کا کہنا ہے کہ ‘وہ بلند عزام کی حامل خاتون ہیں اور انہوں نے جس طرح طبی مشوروں پر عمل کیا وہ انتہائی پرمسرت تھا’۔
سنیل رام لال نے بتایا کہ آئسولیشن کے دوران وہ اپنی کہنیوں میں چھینکتیں اور اکثر مجھے بھی کہتی کہ آپ تھوڑا فاصلے پر رہیں۔