ہر ظلم سہنے کے باوجود ہم نے کوئی قومی راز فاش نہیں کیا، نواز شریف

ہر ظلم سہنے کے باوجود ہم نے کوئی قومی راز فاش نہیں کیا، نواز شریف


سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر ظلم سہنے کے باوجود ہم نے کوئی قومی راز فاش نہیں کیا۔

بہاولنگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ تبدیلی نے پاکستان کا یہ حشر کردیا ہے، نواز شریف کے دور میں 25 روپے میں 5 روٹیاں ملتی تھیں، آج 25 روپے میں ایک روٹی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد تبدیلی کی وجہ سے روٹی 20 روپے کی ہوگئی، ہم نے لوڈشیڈنگ ختم کی اور بجلی سستی کی، کہاں 35 روپے فی کلو چینی آتی تھی اور کہاں اب 150 روپے ہے۔

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جوبل میرے دور میں ایک ہزار روپے آتا تھا، آج 25 ہزار روپے آتا ہے،کسان میرے بھائی ہیں، میرے دور میں ٹریکٹر 8 لاکھ روپے کا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں پیٹرول 60 روپے تھا جبکہ آج پیٹرول 260 روپے لیٹر ہے۔

قائد مسلم لیگ (ن) نے بتایا کہ ہمارے دور میں چینی سستی تھی، نواز دور میں ڈی اے پی کھاد 2500 روپے تھی، آج 13ہزار روپے ہوگئی ہے، نواز اور شہباز کے دور میں مفت دوائیاں ملتی تھیں،آج عوام کے پاس علاج کے لیے پیسے نہیں ہیں۔

’ہم نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا جبکہ یہ شہیدوں کے مجسمے جلاتے ہیں‘

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خداحافظ کہہ دیا تھا مگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور میں آئی ایم ایف پھر آگیا، پی ٹی آئی دور میں یہ پھر کشکول لےکر آئی ایم ایف کے پاس چلےگئے۔

نواز شریف نے بتایا کہ ہم نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا جبکہ یہ شہیدوں کے مجسمے جلاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھےجیل میں ڈالنے والے جج آج گھر جا رہے ہیں، مجھےجیل میں ڈالنے والے جج اس لیے جارہے ہیں کیونکہ چورکی داڑھی میں تنکا ہے، ان ججز کو اپنے کرتوت کا پتا ہے، نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر سزا دی گئی، 3 بار مجھے وزارت عظمٰی سے ہٹایا گیا۔

سابق وزیر اعظم نے بتایا کہ ہر ظلم سہنے کے باوجود بھی ہم نے کوئی قومی راز فاش نہیں کیا، میں نے زخم سہے لیکن ملک کو زخم نہیں لگنے دیے، ہمارے جو بھی نقصانات ہوئے،اس کی تلافی نہیں ہوسکتی۔

پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اس شخص کو اقتدار جاتا نظر آیا تو ملک پر حملہ کردیا، سائفر کیس کا آج فیصلہ آیا ہے، انہوں نے تو قومی سلامتی کو داؤ پر لگایا دیا تھا مگر میں نے کبھی ملکی سلامتی کو داؤ پر نہیں لگایا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے مزید بتایا کہ پاکستان کے ہر موٹروے پر مسلم لیگ (ن) کا نشان ہے، ملک کے ہر ترقیاتی منصوبے پر (ن) لیگ کا نشان ہے۔

’جب نواز شریف کو سزا ہوئی تو عمران خان لوگوں کو مٹھائی کھلا رہا تھا‘

بعد ازاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہارون آباد کا جذبہ ٹھنڈ میں بھی ماند نہیں پڑا، جب بے روزگار کے پاس نوکری نہیں ہوتی تو اس کو نواز شریف یاد آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب روٹی مہنگی ہوتی ہے، بجلی کا بل آتا ہے، آٹا، چینی مہنگی ہوتی ہے تو لوگوں کو نواز شریف یاد آتا ہے، نواز شریف وزیراعظم بنے تو کرپشن عروج پر تھی مگرنواز شریف نے وزیراعظم بن کر کرپشن کو ختم کیا، نواز شریف نے مرغیاں،کٹے دینے کے بجائے ملک کو بڑے منصوبے دیے۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ سوچ رے تھے کہ ظلم کریں گے تو نواز شریف گھبرا جائےگا، یہ کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم کردیں گے لیکن آج وہی نواز شریف ہیں اور وہی عوام کا سمندر ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے مزید بتایا کہ جب نواز شریف کو سزا ہوئی تو عمران خان لوگوں کو مٹھائی کھلا رہا تھا، نواز شریف کو سزا بیٹے سے تنخواہ نا لینے پر سزا ہوئی، مگر آج ہم میں سے کسی نے خوشیاں منائی، عمران خان نے سنگین جرم کیا تھا، جب اس نے دیکھا کہ اقتدار جارہا تھا تو سائفر لہرا دیا، جھوٹ بولا۔

’جتنے ووٹ شیر کو ملیں گے اتنی تیزی سے ملک ترقی کرے گا‘

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وزیراعظم کے سینے میں سینکڑوں قومی راز دفن ہوتے ہیں، نواز شریف نے قومی سلامتی سے نہیں کھیلا تھا، وزارت عظمٰی سے ہٹانے کے باوجود ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی، یہ فرق ہے نوازشریف اور ان کےمخالفین میں۔

انہوں نے دریافت کیا کہ کیا سیاسی جماعتیں اپنے ملک پر حملہ کرتی ہیں؟ کیا سیاسی جماعتیں شہدا کی یادگاروں کو آگ لگاتی ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ وعدہ کریں 8 فروری کو گھر میں نہیں بیٹھیں گے، ووٹ کی پرچی آپ کی تقدیر بدل دے گی، جتنے ووٹ شیر کو ملیں گے اتنی تیزی سے ملک ترقی کرے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں