لاہور: ہتک عزت کیس میں گلوکار علی ظفر کی درخواست پر گلوکارہ میشا شفیع نے ایف آئی اے کے روبرو بیان ریکارڈ کرادیا۔
ہتک عزت کیس میں گلوکارہ میشا شفیع ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ لاہور آفس پہنچیں جہاں انہوں نے وکلا کے ہمراہ بیان قلمبند کروایا۔
میشا شفیع کے خلاف اداکار و گلوکار علی ظفر نے ایف آئی اے کو درخواست دی تھی۔ علی ظفرکی درخواست پرایف آئی اے سائبرکرائم ونگ لاہورنے میشا شفیع کو طلب کیا تھا۔ درخواست میں موقف تھا کہ مجھے سوشل میڈیا پربدنام کیا جارہا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس کی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل لاہورکی سیشن عدالت میں میشا شفیع کے منیجرسید فرحان علی نے بھی بیان ریکارڈ کرایا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس گلوکارہ میشا شفیع نے علی ظفرکے خلاف جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا، تاہم علی ظفر نے میشا شفیع کے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔