لاہور: گلوکارواداکارعلی ظفر کی جانب سے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف دائر کیے گئے ہتک عزت کے کیس میں میشا شفیع کے مینیجر سید فرحان علی کا بیان قلمبند کرلیاگیا۔
لاہور کی سیشن عدالت میں علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کے خلاف 100 کروڑ روپے ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ نے علی ظفر کے دعویٰ پر سماعت کی۔ دوران سماعت میشا شفیع کے مینجر سید فرحان علی نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔ بعد ازاں عدالت نے دیگر گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
گزشتہ سماعتوں میں اداکارہ عفت عمر اور میشا شفیع کی والدہ اداکارہ صبا حمید علی ظفر کے خلاف اپنا بیان ریکارڈ کراچکی ہیں۔ صبا حمید نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا تھا کہ علی ظفر نے ان کی بیٹی کے علاوہ دیگر خواتین کو بھی جنسی طور پر ہراساں کیا ہے تاہم وہ ان خواتین کا نام نہیں بتانا چاہتیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں گلوکارہ میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف جنسی ہراسانی کا الزام لگایاتھا، تاہم علی ظفر نے میشا شفیع کے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔