ایمسٹر ڈیم: ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے عالمی مقابلے کا اعلان کرنے والے اسلام مخالف متعصب سیاست دان گیرٹ ولڈرز کو جان سے مارنے کی منصوبہ بندی کرنے پر پاکستانی شہری کو 10 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالینڈ کے متنازع ترین اور اسلام دشمن سیاست دان ملعون گیرٹ ولڈرز کو قتل کرنے کی غرض سے فرانس سے ہالینڈ آنے والے 27 سالہ پاکستانی شہری جنید کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ جنید کو ٹرین اسٹیشن سے گزشتہ برس گرفتار کیا گیا تھا۔
اگرچہ جنید اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوسکا لیکن جنید کی دھمکی پر ملعون گیرٹ ولڈرز اپنا گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ معطل کرنے پر مجبور ہوگیا تھا۔
جنید نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پیغام بھی نشر کیا تھا جس میں ملعون گیرٹ ولڈر کو نہ صرف قتل کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا بلکہ مقامی مسلمانوں سے اس سلسلے میں مدد کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔ جنید کی فیس بک پر شیئر کی گئی ویڈیو کو ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھا تھا اور 14 ہزار بار شیئر کی گئی تھی۔
پراسیکیوٹر کے مطابق جنید نے گیرٹ ولڈر کو قانون ساز ادارے میں گھس کر قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس پرعدالت نے جنید کی سزا کو 6 سال سے بڑھا کر 10 سال کردیا تاہم نہ تو پراسیکیوٹر نے اور نہ ہی عدالت نے واضح کیا کہ جنید نے قتل کا کون سا منصوبہ کب؟ کہاں اور کیسے تیار کیا تھا؟