ہولی وڈ کے پروڈیوسر 67 سالہ ہاروی وائنسٹن اور ان پر ’جنسی ہراسانی‘ و ’ریپ‘ کے الزامات لگانے والی 30 سے زائد خواتین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔
ہاروی وائنسٹن پر کم سے کم 100 اداکاراؤں و خواتین نے تین دہائیوں تک جنسی ہراسانی اور ’ریپ‘ کے الزامات لگا رکھے ہیں جن میں سے 30 خواتین ان کے ساتھ بھاری معاوضے کے تحت معاہدہ کرنے کو تیار ہوگئیں۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز اور نصف درجن وکلا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہاروی وائنسٹن اور ان پر الزام لگانے والی خواتین میں 25 ملین ڈالر یعنی 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے عوض معاہدہ طے پا گیا۔
رپورٹ کے مطابق معاہدے کی تمام رقم ہاروی وائنسٹن کی کمپنی کی انشورنس کمپنیاں ادا کریں گی کیوں کہ پروڈیوسر کی اپنی کمپنیاں ’دیوالیہ‘ بن چکی ہیں۔
معاہدے کے تحت 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم ہاروی وائنسٹن پر’ریپ‘ اور’جنسی ہراسانی‘ کے الزامات لگانے والی اداکاراؤں و خواتین میں تقسیم کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ہاروی وائنسٹن کی ’ریپ‘ کیسز خارج کرنے کی درخواست مسترد
معاہدے کی رقم میں سے کسی بھی خاتون یا اداکارہ کو 5 لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم ادا نہیں کی جائے گی جب کہ الزام لگانے والی 18 خواتین میں 62 لاکھ ڈالر کی رقم تقسیم کی جائے گی۔
اسی طرح ایک کروڑ 80 لاکھ کی بچ جانے والی باقی رقم ہاروی وائنسٹن پر سنگین الزامات لگانے والی خواتین میں تقسیم کی جائے گی۔
اگرچہ ہاروی وائنسٹن کے وکلا نے معاملے پر بات کرنے سے انکار کیا تاہم فلم پروڈیوسر پر چلنے والے متعدد کیسز سے جڑے نصف درجن وکلا نے تصدیق کی کہ معاہدہ طے پا گیا ہے، تاہم اس معاہدے کی عدالت سے منظوری لینا ابھی باقی ہے۔
عدالتی منظوری کے بعد معاہدے پر عمل کیا جائے گا اور کیسز سے جڑے وکلا 30 خواتین سے دستخط کروانے کے بعد انہیں رقم کی ادائگی کریں گے۔
اس رقم کی ادائگی کے بعد ہاروی وائنسٹن کے خلاف چلنے والے درجنوں کیسز خارج ہوجانے کا امکان ہے، تاہم ان پر الزام لگانے والی دیگر خواتین کے کیسز سے متعقل فی الحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں: ’ ہاروی وائنسٹن نے خواتین کا ریپ کیلئے دوست کا ہوٹل استعمال کیا‘
پیسوں کے عوض ہاروی وائنسٹن سے معاہدہ کرنے والی اداکاراؤں اور خواتین کے نام بھی سامنے نہیں آ سکے تاہم اس بات کی تصدیق کردی گئی کہ یہ معاہدے صرف 30 خواتین کے ساتھ ہوگا۔
ہاروی وائنسٹن پر الزام لگانے والی دیگر خواتین کے ساتھ معاہدہ ہوگا یا نہیں اس حوالے سے بھی کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہاروی وائنسٹن پر ’ریپ‘ اور ’جنسی ہراسانی‘ کے الزامات لگانے والی ہولی وڈ کی بڑی اداکارائیں جن میں اینجلینا جولی اور سلمیٰ ہائیک بھی شامل تھیں انہوں نے فلم پروڈیوسر پر مقدمات دائر نہیں کیے تھے۔
ہاروی وائنسٹن اس وقت ضمانت پر رہا ہیں اور ان کے خلاف آئندہ ماہ جنوری میں 2 ’ریپ‘ کیسز کی سماعت نیویارک کی عدالت میں ہوگی۔
دونوں مذکورہ کیس میں اب تک ہاروی وائنسٹن پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی، دونوں کیسز کے مطابق ہاروی وائنسٹن نے 2006 اور 2013 میں اداکارہ انابیلا سکورا سمیت 2 خواتین کے ساتھ ریپ کیا۔
اگر ان پر دونوں مذکورہ کیسز میں ’ریپ‘ الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں 10 سال سے 15 سال کی قید کی سزا اور جرمانہ ہو سکتا ہے۔