واشنگٹن: ہاتھوں کو چہرے سے دور رکھنے میں مدد دینے والا اسمارٹ بینڈ تیار کرلیا گیا۔
دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عالمی ادارہ صحت کی جاری کردہ احتیاطی تدابیرمیں ہاتھوں کی صفائی کا اہتمام کرنے اور ہاتھوں کو آنکھ، ناک اورچہرے سے دور رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن سے تعلق رکھنے والی اسٹارٹ اپ کمپنی نے ’’دی ایموٹچ بینڈ‘‘ کے نام سے ایسا اسمارٹ بینڈ بنایا ہے جو ہر بار چہرے پر ہاتھ لگنے کے بعد خبردار کرتا ہے۔
بنیادی طور پر یہ ڈیوائس چہرے کے بال اور خشک جلد کو اکھیڑنے اور ناخن کترنے جیسی عادات کو چھوڑنے میں مدد کے لیے بنائی گئی تھی تاہم واشنگٹن میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کے بعد کمپنی نے اسے ہاتھوں کو چہرے سے دور رکھنے کے لیے متعارف کروانے کا فیصلہ کیا۔
اسمارٹ بینڈ بنانے والے ماہرین کا کہنا ہے اسے پہننے والا شخص جیسے ہی چہرے کو چھوئے گا یہ ڈیوائس اسے خبردار کردے گی۔ ہر بار اس طرح خبردار ہونے کے بعد بینڈ پہننے والے چہرے کو ہاتھ لگانے سے گریز کریں گے۔
یہ بینڈ اسمارٹ فون سے بھی منسلک ہوسکتا ہے اور اس کے علاوہ بلیو ٹوتھ کنیکشن اور فون سے منسلک ہوئے بغیر بھی قابل استعمال ہے۔ تاہم فون سے منسلک ہونے کی صورت میں استعمال کرنے والے کو اس بات کا اندازہ ہوسکے گے کا اس نے کتنی بار اپنے چہرے کو ہاتھ لگایا اور اس ریکارڈ سے چہرے کو چھونے کی عادت چھوڑنے یا کم سے کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔