لاہور: احتساب عدالت نے گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
لاہور کی احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج جواد الحسن نے گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت کی۔
راجہ پرویز اشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل بیماری کے باعث پیش نہیں ہوسکتے تاہم عدالت نے وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کردی۔
عدالت نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف کا کیس حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، انہیں عدالت میں پیش ہونا چاہیے تھا۔
عدالت نے سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔