کراچی: گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی کی مخالفت شروع ہوگئی۔
آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی نے گذشتہ دنوں گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی کی باضابطہ طور پر سفارش کردی ہے، مگر اس کی مخالفت بھی شروع ہوگئی ہے۔
سابق آسٹریلوی بیٹسمین میتھیو ہیڈن نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کاگیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی کا فیصلہ کافی عجیب ہوگا، یہ ایسی چیزیں ہیں جوکرکٹ کا لازمی حصہ بن چکیں، میں نہیں جانتا کہ کیسے تبدیل ہوں گی، سب سے بہتر آپشن کھلاڑیوں کا ٹیسٹ ہے، صرف وہی میدان میں اتریں گے جن کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آئے گا، اگر پلیئرز وائرس فری ہوں گے تو انھیں گیند پر تھوک اور پسینہ دونوں لگانے کی اجازت ہونا چاہیے۔
ہیڈن نے 2 مقامی امپائرز کو ذمہ داری دینے کی تجویز کو سراہا، ان کے مطابق خالی اسٹیڈیمز میں کرکٹ بے لطف ثابت ہوگی، ویسے بھی رواں برس آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا انعقاد مشکل دکھائی دیتا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے ہی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے کہاکہ گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی پر عملدرآمد سب سے مشکل ہوگا،اس پر نظر کون رکھے گا، امپائرز کیلیے بھی ہر وقت چوکنا رہناگیند پر نظر رکھنا کافی مشکل ہوگا، اگر غیرارادی طور پر کسی نے تھوک لگا دیا توکیا کریں گے، ویسے بھی بولرز کے ہاتھوں پر موجود پسینے سے بھی گیند گیلی ہوجاتی ہے، ایسی چیزوں کی نگرانی ہی سب سے مشکل کام ہوگا۔