نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے گیارہویں جماعت کے امتحانی نتائج میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے امتحانی نتائج کی بے ضابطگیوں پر انکوائری کا حکم دیا جس کے بعد انکوائری کے لیے 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے چیئرمین این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر سروش لودھی ہوں گے جبکہ دیگر اراکین میں آئی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اکبر زیدی بھی شامل ہوں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ کمیٹی سال اول کے نتائج میں ہیر پھیر اور ساز باز کی جانچ کرے گی اور 15 دن کے اندر اپنی رپورٹ نگران وزیراعلیٰ کو بھیجے گی۔
واضح رہے کہ گیارہویں جماعت کے آنے والے نتائج میں بڑی تعداد میں طلبہ کو فیل کردیا گیا ہے جس پر طلبہ اور ان کے والدین سراپا احتجاج ہیں۔
گزشتہ ماہ 23 جنوری کو انٹر میں فیل ہونے والے طالب علموں نے انٹر بورڈ کے سامنے احتجاج بھی کیا تھا جس کے باعث انٹر بورڈ کے مرکزی دروازے کو بند کردیا گیا تھا، احتجاج کے باعث انٹر میڈیٹ بورڈ کے دفتری امور بھی معطل کردیے گئے تھے۔
احتجاج کرنے والے طلبہ نے بورڈ سے خود نتائج کی جانچ پڑتال کرنے کا مطالبہ کیا، طالب علموں کا مؤقف تھا کہ ان کے والدین امتحانات کی اسکروٹنی کی فیسیں ادا نہیں کرسکتے۔