شادی کے بندھن میں بندھنے والی شوبز جوڑی شہروز سبزواری اور صدف کنول جلد ایک ساتھ ٹیلی ویژن اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔
اداکار شہروز سبزواری اپنی دوسری اہلیہ صدف کنول کے ساتھ جلد ’گھر کے نہ گھاٹ کے‘ ٹیلی فلم میں ایک ساتھ مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے۔
دونوں اداکاروں کا ایک ساتھ یہ پہلا پروجیکٹ ہے اور شادی کے بعد بھی دونوں کا یہ پہلا پروجیکٹ ہوگا۔
فی الحال اس ٹیلی فلم کی عکس بندی جاری ہے جس کی پہلی جھلک کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہیں۔
واضح رہے کہ شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول سے رواں برس مئی میں دوسری شادی کی تھی اس سے قبل ان کی پہلی اہلیہ اداکارہ سائرہ تھیں جن سے انہوں نے اپنی راہیں جدا کر لیں۔
بعدازاں شہروز اور صدف کی شادی کی خبر سنتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے غیر معمولی رد عمل کا اظہار کیا تھا اور ان کی جانب سے صدف کنول کو سائرہ اور شہروز کی طلاق کی وجہ قرار دیا گیا تھا۔