بالی وڈ اداکار انیل کپور اور ان کی صاحبزادی سونم کپور کی آنے والی فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ کا شادی سیزن میں دھمال مچانے والا گانا ’گُڑ نال عشق میٹھا‘ ریلیز کردیا گیا، جس میں باپ اور بیٹی کی جوڑی نے زبردست رقص کیا ہے۔
’گڑ نال عشق میٹھا‘ دراصل 90 کی دہائی کا مقبول گانا ہے جسے گلوکار ملکیت سنگھ کی آواز میں پیش کیا گیا تھا، جس کی ویڈیو میں ملائکا اروڑا اور جاس اروڑا پرفارمنس دکھاتے نظر آئے تھے۔
اب اس گانے کا ریمکس بنایا گیا ہے، جس کی شاعری گرپیت سینی نے لکھی ہے، جبکہ نوراج ہنس اور ہرش دیپ کور نے اسے گایا ہے۔
اس کے اوریجنل گانے کی موسیقی بلے ساگو نے ترتیب دی تھی، جبکہ فلم کے گیت کے لیے موسیقی روچک کوہلی نے ترتیب دی ہے۔
اس گانے میں ایک مہندی کی تقریب کا منظر فلمایا گیا ہے، جس میں انیل کپور نہایت جوش و خروش سے رقص کر رہے ہیں جب کہ ان کی بیٹی سونم کپور کچھ شرمائی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔
واضح رہے اس فلم میں ہم جنس پرستی کا موضوع شامل کیا گیا ہے اور اسے سال کی غیر متوقع رومانوی کہانی قرار دیا جارہا ہے۔
راجکمار ہیرانی، ونود چوپڑا اور فوکس اسٹار اسٹوڈیو کے بینر تلے بننے والی یہ فلم شیلی چوپڑا کی ڈیبیو فلم ہے جو آئندہ برس یکم فروری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم میں انیل کپور اور سونم کپور کے علاوہ راج کمار راؤ اور جوہی چاولہ بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔