گوگل کے چند فیچرز صارفین کے لیے مفت فراہم کرنے کا اعلان


گوگل نے کچھ عرصے پہلے اپنی ویڈیو کانفرنسنگ سروس میٹ کو تمام جی میل صارفین کے لیے مفت کردیا تھا اور اب اس کمپنی نے ایسا ہی ایک اور اعلان کیا ہے۔

گوگل کی جانب سے بدھ کو اعلان کیا گیا کہ پہلی بار وہ ویب کے ساتھ ساتھ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کو گوگل ون کلاؤڈ اسٹوریج کے کچھ فیچر تک مفت رسائی فراہم کرے گا۔

اس سہولت سے وہ افراد بھی مستفید ہوسکیں گے جن کے گوگل ون اکاؤنٹ نہیں ہوں گے۔

اس سروس میں دونوں موبائل آپریٹنگ سسٹم کے صارفین اپنے فون کا ڈیٹا خودکار طور پر کلاؤڈ پر محفوظ کرسکیں گے جبکہ ایک نیا اسٹوریج منیجر ٹول بھی ویب سمیت تمام موبائل صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

آٹومیٹک فون بیک اپ کو گوگل کی جانب سے گزشتہ سال متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے صارفین نئی گوگل ون ایپ کے ذریعے ایک بٹن کلک کرکے ٹیکسٹ، تصاویر اور ویڈیوز کو کلاؤڈ سروس میں محفوظ کرسکتے ہیں۔

اس فیچر میں 15 جی بی اسٹوریج گوگل اکاؤنٹس کے ذریعے صارفین کو ملتی ہے تو فون کے خراب ہونے یا گم ہونے پر بھی تمام تفصیلات کلاؤڈ سروس میں محفوظ رہتی ہے۔

آسان الفاظ میں صارفین کو گوگل کی جانب سے اس سروس کے تحت 15 جی بی اسٹوریج مفت دی جارہی ہے۔

گوگل کی جانب سے ایک اور فیچر بھی مفت دیا جائے گا جو کہ نیا اسٹوریج منیجر ٹول ہوگا جس کی مدد سے صارفین جی میل، ڈرائیو اور فوٹوز میں فائلز کو دیکھنے کے ساتھ صاف بھی کرسکیں گے۔

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل کے مطابق یہ فیچر صارفین کو اسٹوریج لمٹ کو برقرار رکھنے میں مدد دے گا یعنی غیرضروری فائلز کو ڈیلیٹ کرکے اسٹوریج کو بچایا جاسکے گا جبکہ صارفین اضافی اسٹوریج بھی خرید سکیں گے۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بدھ سے گوگل پلے اسٹور کے ذریعے متعارف کرایا جارہا ہے جبکہ آئی او ایس ایپ مستقبل قریب میں دستیاب ہوگی۔

گوگل ون کو اس کمپنی نے 2018 میں پیش کیا تھا اور اس کے ذریعے وہ 1.99 ڈالر کے عوض 100 جی بی جبکہ 150 ڈالر میں 30 ٹی بی اسٹوریج فراہم کرتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں