گوگل نے مقبول ویڈیو کالنگ ایپ زوم کے خلاف اپنا اہم ترین ہتھیار گوگل میٹ کی شکل میں پیش کردیا ہے جس کو اب صارفین مفت استعمال کرسکیں گے۔
کمپنی نے ایک بلاگ میں اعلان کیا کہ مئی سے گوگل میٹ کو وہ تمام افراد مفت استعمال کرسکیں گے جن کا جی میل اکاؤنٹ ہوگا۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران زوم کے صارفین کی تعداد چند ماہ کے دورران ایک کروڑ سے بڑھ کر 20 کروڑ تک پہنچ گئی اور اس کو دیکھ کر گوگل نے اعلان کیا ہے کہ اس کا پریمیئم ویڈیو کانفرنسنگ سافٹ وئیر گوگل میٹ اب ہر ایک کے لیے مفت ہوگا۔
ابھی یہ سافٹ وئیر گوگل کے جی سیوٹ بزنس سروس پیکج کا حصہ تھا جس کے لیے فی کس 6 ڈالر ماہانہ اداکا کرنا پڑے ہیں۔
مگر اب گوگل میٹ کوو مفت کیا جارہا ہے اور اس کے ذریعے سو افراد تک کی ویڈیو میٹنگ گوگل میٹ کی ویب سائٹ، آئی او ایس یا اینڈرائیڈ ایپ پر ممکن ہوسکے گی۔
گوگل کیلنڈر سے بھھی ویڈیو میٹنگ کا آغاز یا اس میں شمولیت ممکن ہوگی، رئیل ٹائم کیپشن اور زوم جیسا ایکسپنڈڈ ٹائل ویو لے آئوٹ استعمال کیا جاسکے گا۔
گوگل کے مطابق مفت اکائونٹ میٹنگ کا دورانیہ 60 منٹ فی فرد ہوگا مگر اس اصول کا اطلاق 30 ستمبر کے بعد ہوگا۔
گوگل کا کہنا تھا کہ میٹ کی مفت دستیابی بتدریج صارفین کو فراہم کی جائے گی اور ایک نوٹفکیشن کے ذریعے اس سے آگاہ کیا جائے گا، جس کے لیے ابھی اس لنک پر جاکر سائن اپ کرلیں۔
گوگل کی جانب سے جی سیوٹ صارفین کے لیے دستیاب پریمیئم فیچرز کو پہلے ہی 30 ستمبر تک کے لیے مفت کیا جاچکا ہے تاہم مفت سروس استعمال کرنے والوں کے برعکس ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کسی ویڈیو کال میں 250 افراد کو شامل کرسکتے ہیں۔
اسی طرح ایک لاکھ ویورز والی لائیو اسٹریم، کالز کو ریکارڈ اور محفوظ بھی کرسکتے ہیں۔
مگر مفت ویڈیو کانفرنسنگ سروس تک رسائی بھی ایسے متعدد افراد کے لیے کارآمد ہوگی جو اس وبائی مرض کے نتیجے میں گھروں تک محدود ہیں۔