گوگل کا ہاتھ سے لکھی تحریر کو موبائل سے ’’کاپی‘‘ کرکے کمپیوٹر پر ’’پیسٹ‘‘ کرنے کا فیچر


گوگل نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور نہایت کار آمد فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے ہاتھ سے لکھی ہوئی صاف تحریر کو موبائل فون کے ذریعے ’’کاپی‘‘ کرکے کمپیوٹر پر ’’پیسٹ‘‘ کیا جاسکے گا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہاتھ کی تحریر کو موبائل فون کے لینس کے ذریعے نقل کرکے کمپیوٹر پر چسپاں کیا جا سکتا ہے تاہم اس فیچر کے استعمال کے لیے آپ کے کمپیوٹر پر گوگل کروم کا نیا ورژن ہونا ضروری ہے۔ اسی طرح اینڈرائیڈ موبائل فونز میں گوگل لینس ایپ ہونا چاہیئے۔

یہ فیچر بہت آسان ہے، کسی صفحے پر لکھی ہوئی تحریر کو موبائل کیمرے کی آنکھ سے دیکھیں اور آپشن آنے پر متعلقہ عبارت کو ہائی لائٹ کرکے کاپی کرلیں اس کے بعد کمپیوٹر کے ڈاکومنٹ فولڈر پر جائیں اور ایڈٹ کے آپشن کو منتخب کرکے وہاں پیسٹ کر دیں۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ آپ کی تحریر صاف اور اجلی ہو۔ گوگل اس فیچر میں ایک اضافہ اور کر رہی ہے اب صارفین اپنی عبارت کے مشکل الفاظ کے ہجے بھی سن سکتے ہیں۔ تحریر کے دوران معروف محاروں کو سرچ کرکے لکھنے کا آپشن بھی موجود ہے۔

گوگل انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے نئی طرح کا کاپی پیسٹ فیچر ویسے تو تمام ہی صارفین کے لیے اہم ہے تاہم سب سے زیادہ اس فیچر سے طلبا اور محققین فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں