گوگل پکسل 9 میں اے آئی ایڈیٹنگ اور کیمرا ٹولز دیے جانے کا امکان

گوگل پکسل 9 میں اے آئی ایڈیٹنگ اور کیمرا ٹولز دیے جانے کا امکان


انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے آنے والے فون پکسل 9 کو آئندہ ماہ اگست میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، عام طور پر کمپنی ہر سال پکسل فونز کو اکتوبر کے وسط تک متعارف کراتی ہے۔

اس بار کمپنی کی جانب سے دو ماہ قبل ہی فونز کو متعارف کرائے جانے کا امکان ہے اور پہلی بار کمپنی پکسل فونز کا چھوٹا سائز بھی متعارف کرائے گی۔

خبریں ہیں کہ اس بار گوگل پکسل 9 میں متعدد آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹولز دیے جائیں گے جب کہ فونز میں گوگل کے اے آئی چیٹ بوٹ جیمنائی کا بھی اپڈیٹ ورژن دیا جائے گا۔

اس بار گوگل پکسل 9 میں اے آئی ٹولز سے بھرپور ویڈیو اور فوٹو ایڈیٹر بھی دیا جائے گا جب کہ کیمروں میں بھی اے آئی فیچرز دیے جائیں گے۔

کمپنی کی جانب سے اس بار فونز میں اعلیٰ معیار کے زیادہ میگا پکسل کے کیمرے دیے جانے کے علاوہ طاقتور بیٹری بھی دی جائے گی۔

گوگل نے اعلان کیا کہ پکسل 9 فونز کی 7 سال تک اپڈیٹس مفت دی جاتی رہیں گی جب کہ اس بار فون میں جدید سیکیورٹی فیچرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔

عام طور پر گوگل کے پکسل فونز کی پاکستانی قیمت 3 سے ساڑھے چار لاکھ روپے تک ہوتی ہے، تاہم اس بار سستے ماڈیول کو بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پکسل 9 کے فونز کو اگست کے پہلے ہفتے میں ہی متعارف کرایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔


اپنا تبصرہ لکھیں