سلیکان ویلی:
ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنی پرائیویٹ میسیجنگ سروس ’’ہینگ آؤٹ‘‘ ختم کرنے اور اس کے صارفین کو گوگل چیٹ پر منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔جمعرات کو کمپنی نے اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ 2021 کی پہلی ششماہی میں تمام صارفین کو ہینگ آؤٹ سے گوگل چیٹ پر منتقل کردیا جائے گا۔ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ اس منتقلی کو سہل بنانے کےلیے گوگل ہینگ آؤٹ استعمال کرنے والوں کے اکاؤنٹ ان کے روابط (کونٹیکٹس) اور محفوظ ہسٹری کے ساتھ گوگل چیٹ پر منتقل ہوجائیں گے۔
گوگل کے مطابق یورپی یونین اور امریکا میں 2021 سے متعارف کروائے جانے والے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کےلیے ہینگ آؤٹ سے کال فون فیچرز کو ختم کرنا ضروری تھا۔ رواں ماہ ہینگ آؤٹ استعمال کرنے والوں کو کالنگ کریڈٹس کے ری فنڈز ملنا شروع ہوجائیں گے اور آئندہ برس تک اس سروس کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گوگل نے اس کراس پلیٹ فارم میسجنگ ایپلی کیشن کا آغاز 2013 میں کیا تھا جبکہ اس سے پہلے گوگل کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’گوگل پلس‘‘ بھی فیس بُک کے مقابلے میں ناکام ہوچکا تھا، جسے عوامی سطح پر اپریل 2019 سے بند کردیا گیا ہے۔