لاہور: کامن ویلتھ گیمز اور اسلامی یکجہتی کھیل کے فاتح ارشد ندیم کی وطن واپسی کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
ایک ہفتے میں دو گولڈ میڈلز جیت کر ایتھلیٹکس ہیرو ارشد ندیم آج رات وطن واپس پہنچ رہے ہیں جب کہ ارشد ندیم ترکی سے لاہور پہنچیں گے۔
صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان میجرجنرل (ر) محمد اکرم ساہی ارشد ندیم کو لے کر لاہور ایئرپورٹ پہنچیں گے، جہاں ان کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان میجرجنرل (ر) محمد اکرم ساہی ارشد ندیم کی حوصلہ افزائی کے لئے خاص طور پر ترکی پہنچے تھے۔
ارشد ندیم کی وطن واپسی کے موقع پر ایتھلیٹکس فیڈریشن کے عہدیداران، قومی ایتھلیٹس اور اسپورٹس بورڈ کے آفیشلز ان کا استقبال کریں گے۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں 90.18 میٹر جویلین تھرو کرکے نیا ریکارڈ بنایا تھا جب کہ اسلامی یکجہتی کھیل میں ارشد ندیم نے 88.55 میٹر تھرو کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔
حکومتِ پاکستان نے گذشتہ روز ارشد ندیم کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ کے لئے نامزد کیا ہے۔
دوسری جانب کامن ویلتھ گیمز اور اسلامک گیمز میں شرکت کرنے والے ایتھلیٹس واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں، ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کھلاڑیوں کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا۔
اس موقع پر میڈل ہولڈرز پر پھولوں کی بارش کی گئی جب کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔