بھارتی ٹیلی ویژن کے مشہور شو تارک مہتا کا الٹا چشمہ کے پروڈیوسر آسیت مودی نے شو کے سابق اداکار گروچرن سنگھ کے غائب ہوجانے کے معاملے کو پریشان کن قرار دیا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آسیت مودی نے گمشدہ اداکار کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے شو میں روشن سنگھ سوڈھی کا کردار ادا کیا۔
مودی کے مطابق گروچرن سنگھ اپنے خاندان سے بڑی محبت کرنے والے انسان ہیں اور اپنے والدین کی تمام ذمہ داریاں خود دیکھتے تھے۔ انکا گم ہونا بڑی تکلیف صورتحال ہے، مجھے نہیں معلوم یہ کیسے ہوگیا۔
آسیت مودی نے کہا کہ ویسے تو ہم اتنے قریب نہیں تھے لیکن جتنا میں انکے بارے میں جانتا ہوں وہ بہت مذہبی انسان ہیں۔
پروڈیوسر نے بتایا کہ گروچرن سنگھ نے تارک مہتا کا الٹا چشمہ میں کام کا سلسلہ کورونا وائرس کے دوران ترک کر دیا تھا لیکن اسکے باوجود بھی ہمارے درمیان اچھے تعلقات تھے اور وہ جب بھی ملتے تو انکے چہرے پر مسکراہت ہوتی۔
آسیت مودی نے کہا کہ گورو چرن کی گمشدگی کے معاملے کی تفتیش جاری ہے، امید ہے کہ وہ جلد واپس آجائیں گے۔ میری دعا ہے کہ وہ محفوظ ہوں اور گفتگو کے لیے فون اٹھائیں۔
اس سوال پر کہ انہوں نے 2020 میں جب شو چھوڑا تو اسکے بعد انہوں نے اپنے بقایاجات وصول نہیں کیے، اس پر آسیت کا کہنا تھا کہ ایسا کچھ نہیں، کوویڈ کا دور ہم سب کے لیے مشکل تھا، شوٹنگ رک گئی تھی اور کسی کو پتہ نہیں تھا کہ اب شو ہوگا کہ نہیں۔
یاد رہے کہ گروچرن سنگھ 22 اپریل کو دہلی ایئرپورٹ کے قریب لاپتہ ہوگئے تھے جس کے بعد انکے والد نے پولیس کے پاس مقدمہ بھی درج کروایا۔