کراچی: صوبائی وزیراطلاعات سعید غنی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گورنر صاحب صرف موجیں کرنے کے لیے ہیں۔
آرٹس کونسل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جا رہا ہے، کوئی طبقہ سکون سے اپنی زندگی نہیں گزار رہا، صرف وفاقی حکومت پی ٹی آئی کی وجہ سے آج عوام مصیبت میں ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت کو کہا کہ ایم کیو ایم کو نالائق حکومت کا ساتھ چھوڑ کر ہمارا ساتھ دینا چاہیے کیونکہ جو سکون چاہتے ہیں انہیں پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑنا ہوگا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ گورنر صاحب صرف موجیں کرنے کے لیے ہیں،ان کے پاس کوئی اختیارات نہیں بلکہ وہ تو اپنے گورنر ہاؤس میں لگے چپراسی کا بوریا بستر گول نہیں کر سکتے۔
آئی جی سندھ کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ عملی طور پر پولیس کا سربراہ صوبائی حکومت کے کہنے پر نہیں ہے، آئی جی سندھ وفاق کو انگوٹھا دکھا رہے ہیں۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق سعید غنی کا کہنا تھاکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی نے بی آئی ایس پی پروگرام کو منظور کیا تھا، بی آئی ایس پی کے فارمز مخالف جماعتوں کو بھی دیے گئے تھے، لوگوں کے دلوں میں بے نظیر بھٹو کا نام ہے، ن لیگ نے بھی بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ناکام رہی، بی آئی ایس پی کا نام بدلنے کے لیے قانون بدلنا ہوگا۔
نیب کارروائی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ نیب پی ٹی آئی کے لوگوں کو چھوڑ کر سینیٹ کے لوگوں کو پکڑ رہی ہے، اگر کسی پر کرپشن ثابت ہو جائے تو ضرور کارروائی ہو۔