گزشتہ دنوں یہ لیک سامنے آئی تھی کہ سام سنگ پہلی بار گلیکسی نوٹ سیریز کا فون 2 مختلف ورژن میں متعارف کرانے والی ہے۔
مگر اب یہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ سام سنگ گلیکسی نوٹ 10 کو 4 ورژن میں پیش کرے گی جن میں سے 2 فائیو جی ورژن ہوں گے جبکہ دیگر 2 فور جی ورژن۔
اور یہی وجہ ہے کہ سام سنگ گلیکسی نوٹ کے نام میں بھی بڑی تبدیلی لانے والی ہے۔
اسمارٹ فونز کی لیکس کرنے والے معروف ٹوئٹر صارف آئس یونیورس نے گلیکسی نوٹ 10 کا ایک مختلف نام ٹوئیٹ کیا ہے۔
ٹوئیٹ کے مطابق پہلی بار سام سنگ گلیکسی نوٹ 10 پرو کے نام سے بھی ایک ماڈل متعارف کراسکتی ہے جو اسٹینڈرڈ ماڈل سے زیادہ مہنگا ہوگا۔
اسی طرح گلیکسی نوٹ 10 فائیو جی اور نوٹ 10 پرو فائیو جی دیگر دو ماڈلز کے نام ہوسکتے ہیں۔
اگر سام سنگ کی جانب سے اس سال 4 گلیکسی نوٹ فون متعارف کرائے جاتے ہیں تو اس سال جنوبی کورین کمپنی 8 فلیگ شپ فونز پیش کردے گی
اس سے قبل سامنے آنے والی لیکس کے مطابق گلیکسی نوٹ 10 میں 4 بیک کیمروں کا سیٹ اپ دیا جائے گا جیسا گلیکسی ایس 10 فائیو جی میں دیا گیا ہے۔
یعنی گلیکسی نوٹ 10 میں 12 میگا پکسل اسٹینڈرڈ لینس، 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس، 16 میگا پکسل وائیڈ اینگل لینس اور تھری ڈی ڈیپتھ کیمرا دیا جاسکتا ہے۔
گلیکسی نوٹ 10 میں ایس 10 جیسا انفٹنی او ڈسپلے، ہول پنچ ڈوئل سیلفی کیمرا سیٹ اپ اور اسکرین میں نصب فنگرپرنٹ سنسر بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ اس سال گلیکسی نوٹ سیریز کو 9 سال مکمل ہورہے ہیں مگر پھر بھی یہ نوٹ 10 کہلائے گا کیونکہ کمپنی نے نوٹ 6 کی بجائے براہ راست نوٹ 7 متعارف کرادیا تھا۔