ایک وقت ایسا بھی تھا، جب شوبز انڈسٹری سے منسلک ستاروں کی شادیاں دُھوم دھام سے ہوتی تھیں، کئی دنوں تک شادی کی رسوم ادا کی جاتی تھیں۔
پھرکورونا وائرس کی عالمی وبا ایسی آئی کہ وقت نے کروٹ بدلی اور سارا منظر ہی بدل گیا۔
لاک ڈائون میں فن کاروں کی شادیاں ضرور ہوئیں، مگر نہ بارات، نہ باجا، نہ مہندی کے رنگ، نہ ہی ڈھولک کی تھاپ پر شہرت یافتہ فن کاروں کے دل کش رقص اور پھر اس کی وڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔
کئی مقبول فن کاروں نے اس لاک ڈائون کے دوران خاموشی سے شادیاں کرلیں اور اپنی شادیوں کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے دی۔
اب اس فہرست میں پاکستان کے مقبول گلوکار ہارون بھی شامل ہو گئے ہیں جنھوں نے لاک ڈاؤن میں خاموشی سے شادی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق 47 سالہ سنگرہارون نے فروا نامی لڑکی سے شادی کی، شادی کی تقریب کا اہتمام گھر میں ہی کیا گیا جس میں قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔
اسلام آباد میں سادگی سے منعقد کی گئی شادی کی تقریب میں دولہا دلہن نے ایک رنگ کا لباس زیب تن کیا۔
ہارون نے اپنی زندگی کے اس بڑے دن سفید کُرتے پاجامے کے اوپر گولڈن ویسٹ کوٹ زیب تن کیا جبکہ دلہن فروا نے گولڈن وائٹ میکسی نما فراک کا انتخاب کیا۔
دلہن نے میک اپ میں بھی سادگی ہی اختیار کی اور صرف پھولوں کی جیولری ہی پہنی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس نے ہمیں بہت کچھ سکھا دیا ہے، اس کی وجہ سے ہم آہستہ آہستہ سادگی کی جانب لوٹ رہے ہیں۔
فن کاروں کی شادیاں اور وہ بھی لاک ڈاؤن میں ثابت کرتی ہیں کہ ان فن کاروں نے اپنے چاہنے والوں کو ایک خاموش پیغام دیاہے کہ شادیاں سادگی سے بھی ہو سکتی ہیں۔