گلوکار فرحان سعید کا پاکستان کے لیجنڈز کو خراجِ تحسین


پاکستانی گلوکار و اداکار فرحان سعید نے ملک کے لیے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دینے والےلیجنڈز کو خراج تحسین پیش ہے۔

گلوکار نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر  اداکار قوی خان، صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور معروف کامیڈین عمر شریف کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

فرحان سعید نے پاکستانی لیجنڈز کو خراج تحسین پیش کرنے سے قبل اپنے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ وہ پاکستان کے لانگ لیجنڈز کی کاوشوں کو سراہنے کے لیے ایک عاجزانہ سی کوشش کررہے ہیں۔

بعدازاں گلوکار فرحان سعید نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں قوی خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک یادگار تصویر بھی شیئر کی اور لکھا کہ انہیں حال ہی میں ٹیلی ویژن اور فلم اسکرین دونوں پر ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔

فرحان سعید نے قوی خان کے الفاظ قول کی صورت میں لکھے کہ ’ نیت میں سچائی اور محبت میں خلوص ہی محبت کا صدقہ ہے’۔

گلوکار نے کہا کہ جو کوئی بھی  قوی خان کے ساتھ کام کرچکا ہے وہ یہ جانتا ہے کہ ان کا سلوک دوسرے کو احترام کرنے پر مجبور کردیتا ہے، قوی خان اپنی ذات میں ایک ادارہ ہیں۔

بعدازاں فرحان سعید نے صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ عالمی شہرت یافتہ عابدہ پروین کسی تعارف کی محتاج نہیں۔

انہوں نے لکھا کہ عابدہ پروین کو دنیا بھر میں صوفی موسیقی کی ملکہ کے طور پر جانا جاتا ہے، ان کی ترتیب دی ہوئی روح پرور دھنیں سننے والوں کو ایک سحر میں مبتلا کر دیتی ہیں۔

فرحان سعید نے بتایا کہ وہ اپنی زندگی میں بہت کم مواقع پر عابدہ پروین سے ملے ہیں لیکن جب بھی ان کی ملاقات ہوئی انہوں نے عابدہ پروین کی آنکھوں میں دوسروں کے لیے عاجزی اور احترام دیکھا ہے۔

فرحان سعید نے پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ہمیشہ ہی ان کے بہت بڑے مداح ہیں، گلوکار نے عمر شریف کی ماضی کی چند تصاویر بھی شیئر کیں۔

فرحان سعید نے سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی جاوید میانداد کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور ساتھ ہی انہوں نے ماضی کی ورلڈکپ سے متعلق چند یادیں بھی تازی کیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں