سان فرانسسكو: حال ہی میں کورونا وائرس اور کووڈ 19 کےتناظر میں فیس بک نے کمیونٹی ایڈمن نے کئی ورکشاپ مرتب کئے تھے تاکہ وہ اس وبا کے دوران فیس بک کا بہتر اور مؤثر استعمال کرسکیں ۔ اب گروپ ایڈمن کے لیے فیس بک نے تربیتی سیشن اور اسباق کا اعلان کیا ہے۔
اس کا مقصد یہ ہے کہ لوگ بہتر انداز میں آن لائن کمیونٹی تک رسائی کرسکیں اور روابط کو مؤثر بناتےہوئے اپنا پیغام اچھی طرح پہنچاسکیں۔ لیکن تمام تربیتی سیشن صرف مختلف گروپ اور کمیونٹٰی ایڈمن کے لیے ہیں۔ اس طرح پہلے تجربے میں فیس بک پر لوگوں کی بڑی تعداد نےرابطہ کیا اور اس کے بعد ہی نئے سیشن کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ تاہم اب ہر ماہ کسی ایک موضوع پر سیشن رکھے جائیں گے جن کی ترتیب کچھ اس طرح ہوگی۔
مئی میں کمیونٹی فاؤنڈیشن کے تحت بنیادی امور سے آگاہ کیا جائے گا جس کے تحت ایک بڑھتی ہوئی مضبوط فیس بک کمیونٹی یا گروپ کے لئے ٹپس فراہم کی جائیں گی۔
جون میں کمیونٹی میں خاطر خواہ اضافے کے لیے مشورے دیئے جائیں گے اور گروپ میں اضافے کی ٹپس کے علاوہ درست لوگوں کی شمولیت کے طریقوں پر رہنمائی کی جائے گی۔
جولائی کے مہینے میں کمیونٹی سے رابطے ، اراکین سے گفتگو اور پوسٹ کی افادیت اور طریقہ کار پر گفتگو کی جائے گی۔
اگست میں گروپ میں پیدا ہونے والے مسائل اور تنازعات کو حل کرنے کی حکمتِ عملی بیان کی جائے گی۔
ستمبر میں ہوسٹنگ ایونٹ، آف لائن اور آن لائن مواقع اور تقاریب پر آگہی فراہم کی جائے گی۔
اچھی بات یہ ہے کہ ایک جانب تو اس میں فیس بک کے ماہرین سیشن میں رہنمائی فرمائیں گے بلکہ خود مارک زکربرگ بھی کمیونٹی کنیکٹ ایونٹ میں شامل ہوکر اپنے اسباق پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ دنیا کی طرح پاکستان میں بھی فیس بک کمیونٹی اور گروپس کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جہاں ہم خیال افراد ایک ہی جگہ رہ کر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کے تناظر میں بھی بہت تیزی سے گروپس سامنے آئے ہیں۔
فیس بک نے یہ بھی کہا ہے کہ اس وقت اس کے 20 کروڑ صارفین بہت فعال کمیونٹی اور گروپس کے ایڈمن بنے ہیں اور بہتر انداز میں کام کررہے ہیں۔ تاہم فیس بک استعمال کرنے والے باقاعدہ صارفین کی تعداد ڈیڑھ ارب تک پہنچ چکی ہے۔