کیپ ٹاؤن: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم سلیکشن پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر میں ٹھن گئی۔
ذرائع کے مطابق کپتان سرفراز احمد نے اسد شفیق کو ڈراپ کرنے سے انکار کردیا ہے اور کپتان کو سینئیر کھلاڑیوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ کوچ مکی آرتھر اظہر علی اور اسد شفیق سے دوبارہ بات کرنے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہیں اور مکی آرتھر کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں محمد رضوان کو کھیلانے کے خواہش مند ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمینوں کی بدترین کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر جذبات پر قابو نہ پاسکے اور ان کی کپتان سرفراز احمد سمیت سینئر کھلاڑیوں سے شدید جھڑپ ہوئی تھی جس کے بعد معاملہ گالم گلوچ تک پہنچ گیا تھا۔
مکی آرتھر اس قدر غصے میں تھے کہ انہوں نے تمام اخلاقی حدود پار کردی تھیں اور ڈریسنگ روم میں چیزیں اٹھا کر پھینک دی تھیں۔
چیئرمین پی سی بی نے ٹیم مینیجر طلعت علی سے ملاقات کی تھی اور ڈریسنگ روم کی خبریں منظرعام پر آنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا تاہم بعد میں کپتان اور کوچ کے درمیان اختلافات کو ختم کرادیا تھا