کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بھی پاکستان پر شکست کے بادل منڈلانے لگے


نیو لینڈز: کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 382 رنز بنا لیے ہیں اور میزبان ٹیم کی پاکستان پر برتری 205 رنز ہو گئی ہے۔

جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ اور تھیونس ڈی بریون نے 123 رنز سے دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو آملہ اپنے انفرادی اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر 24 رنز پر محمد عباس کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

جس کے بعد ڈی بریون اور کپتان فاف ڈپلوسی نے چوتھی وکٹ پر اسکور کو آگے بڑھایا اور ٹیم کا مجموعہ 149 تک پہنچا تو ڈی بریون کی اننگز بھی اختتام پذیر ہوئی، انہیں شاہین شاہ نے آؤٹ کیا۔

کپتان فاف ڈوپلیسی اور ٹیمبا باووما نے پانچویں وکٹ کے لیے 156 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستانی ٹیم کے لیے مشکلات بڑھا دیں۔

باووما 75 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ ڈوپلیسی بھی 103 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر شاہین آفریدی کا شکار بنے، ان کا کیچ بھی سرفراز احمد نے ہی تھاما۔

دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو کوئنٹن ڈی کوک 55 اور فلینڈر 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

فوٹو: اے ایف پی

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقی کپتان فاف ڈپلوسی نے گزشتہ روز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستان کی پوری ٹیم 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے تھے۔

پروٹیز اوپننگ بلے باز ایڈن مرکرم 78 اور ڈین ایلگر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شان مسعود نے دونوں کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دی تھی جس کے بعد میزبان ٹیم کو تین میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے آج تک جنوبی افریقا کی سرزمین پر کوئی سیریز نہیں جیتی اور کیپ ٹاؤن میں پاکستان کا ریکارڈ بھی کچھ اچھا نہیں، اس گراؤنڈ پر دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ سیریز ہوئیں اور تینوں میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دی۔


اپنا تبصرہ لکھیں