ویلنگٹن:
کیوی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ پلنکٹ شیلڈ کے ابتدائی دن شہد کی مکھیوں نے اسٹیڈیم میں موجود پلیئرز پر ہلہ بول دیا۔بیسن ریزرو میں ویلنگٹن اور کینٹربری کا میچ اسی وجہ سے تعطل کا شکار ہوا، ویلنگٹن شہد کی مکھیوں کے چھتوں کی وجہ سے بھی مشہور ہے، بعدازاں میچ میں کینٹربری کی ٹیم 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، مکھیوں کی افتاد کے سبب اننگز کے 22 ویں اوور میں پلیئرز اور امپائرز نے بڑی مشکل سے خود کو بچایا، شہد کی مکھیوں سے عمومی طور پر برصغیر میں میچز متاثر ہوتے رہے ہیں لیکن نیوزی لینڈ ڈومیسٹک کرکٹ میں اس کی مثال نہیں تھی۔
اوپنرز چاڈ بووز اور کین میک کلیور نے پہلی وکٹ کے لیے 86 کی شراکت داری بنائی، شہد کی مکھیوں کے حملے پر یہ دونوں وکٹ پر ہی تھے، بووز 59 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے، کینٹربری کی آخری 9 وکٹیں ٹوٹل میں 70 رنز کے اضافے سے گریں اور پوری ٹیم 156 پر ڈھیر ہوگئی، مائیکل اسنیڈن اور بین سیئرز نے 3، 3 وکٹیں لیں، ویلنگٹن نے جوابی اننگز میں 8 وکٹ پر 102 رنز بنالیے، مہمان ٹیم کی برتری محض 54 رنز رہ گئی،شیپلی نے 7 رنز دیکر 3 پلیئرز کو آؤٹ کیا جبکہ ہنری نے 47 رنز کے عوض 3 شکار کیے۔