پاکستان کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج تیسرا میچ کینیڈا کے خلاف کھیلے گی۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کینیڈا کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیوں کی تجویز دی ہے۔
آئی سی سی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میرا خیال ہے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور کپتان بابر اعظم کو ٹیم میں تبدیلیاں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں عثمان خان کی جگہ سلمان علی آغا اور شاداب خان کی جگہ ابرار احمد کو ٹیم میں آتے دیکھنا چاہوں گا۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ فخر زمان کو محمد رضوان کے ساتھ اننگ کا آغاز کرنا چاہیے اور بابر اعظم کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنا چاہیے۔
سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوا، ابھی بھی امید باقی ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم اب تک 2 میچز کھیل چکی ہے، پہلے میچ میں امریکا اور دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو ہرایا تھا۔