امریکا میں کورونا وائرس سے لڑنے والی کورونا ٹاسک فورس کے اہم رکن ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے چینی لیبارٹری میں وائرس کی پیدائش سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف مسترد کر دیا۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشیس ڈزیزز کے سر براہ انتھونی فاؤچی نے ایک انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ سائنسی شواہد یہ بتاتے ہیں کہ یہ وائرس لیبارٹری میں نہیں بنا، غالب امکان یہی ہے کہ یہ وائرس چمگادڑوں سے انسانوں میں منتقل ہوا اور پھیل گیا۔
انھوں نے کہاکہ اگر چمگادڑوں میں وائرس کے ارتقاء کو دیکھیں تو ٹھوس سائنسی ثبوت اس بات کی نفی کرتے ہیں کہ اسے مصنوعی طور پر یا جان بوجھ کر ہیرا پھیری کر کے بنایا گیا ہو۔
ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا ہے وائرس کا وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مرحلہ وار ارتقاء ہوا جو اس بات کا پختہ اشارہ ہے کہ یہ وائرس فطری طور پر تیار ہوا اور پھر دیگر انواع میں منتقل ہوا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بارہا چین پر الزام عائد کر چکے ہیں کہ کورونا وائرس چین کے شہر ووہان کی لیبارٹری میں تیار ہوا۔
چند روز قبل بھی مائیک پومپیو نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ کورونا وائرس ووہان کی لیبارٹری میں تیار ہوا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تو چین کو خبردار بھی چکے ہیں کہ اگر کورونا وائرس چین نے تیار کیا ہے تو اسے اس کے نتائج بھی بھگتنے پڑیں گے۔