عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ہانگ کانگ میں پالتو کتے میں جان لیوا کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہانگ کانگ میں پالتو کتے کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور جیسے ہی کتے میں وائرس کے حوالے سے ٹیسٹ منفی آجائیں گے تو اسے مالک کے حوالے کر دیا جائے گا۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینوم کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ میں ایک پالتو کتے میں کورونا وائرس پائے جانےکی تحقیقات جاری ہیں۔
سربراہ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق اب تک کی تحقیقات اور تجربات سے ایسے امکانات نہیں ملے کہ وائرس پالتو جانوروں سے پھیلا ہو۔
اگرچہ سائنسدانوں کی جانب سے یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ یہ جان لیوا وائرس چمگادڑوں سے نکلا ہے لیکن فی الحال اس بات کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا کہ یہ وائرس کتے یا بلیوں جیسے پالتو جانور کو متاثر کرتا ہے یا نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس سےمتعلق جیسے جیسے معلومات ملیں گیں شیئر کریں گے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینوم نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت انسانوں اور جانوروں کی صحت سے متعلق رکن ایجنسیوں کے ساتھ مل کرکام کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ چین میں مہلک وائرس کے مزید 573 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہزار 824 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس نے چین میں مزید 35 زندگیاں نگل لی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 2870 ہوگئی ہے۔