بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے امریکی گلوکار نک جونس سے گزشتہ برس کے آخر میں شادی کی، جس کے بعد سے اب تک انہوں نے کسی بھی فلم کی شوٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
بھارتی نیوز سائٹ دکن کرونیکل کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے شادی سے قبل بالی وڈ فلم ’دی اسکائی از پنک‘ سائن کی تھی جس کی عکس بندی کا آغاز وہ جلد کریں گی۔
رپورٹ کے مطابق فلم ’دی اسکائی از پنک‘ کے بعد اب تک پریانکا نے کوئی بالی وڈ فلم سائن نہیں کی، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اداکارہ شادی کے بعد بالی وڈ میں کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔
واضح رہے کہ فلم ’ڈان 2‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ مرکزی کردار پریانکا نے نبھایا تھا لیکن ابھی تک اس حوالے سے بھی کوئی یقین دہانی نہیں کروائی گئی کہ ’ڈان 3‘ میں پریانکا پھر سے جلوہ گر ہوں گی یا نہیں۔
بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اداکارہ شادی کے بعد بالی وڈ کو خیرباد کہہ رہی ہیں اور ہالی وڈ میں ہی کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
یاد رہے کہ ہالی وڈ میں پریانکا کی ڈیبیو فلم ‘بےواچ’ تھی، جس کے بعد انہوں نے فلم ‘اے کڈ لائک جیک’ اور ‘ازنٹ اِٹ رومانٹک’ بھی سائن کی۔