انڈے غذائی کولیسٹرول سے بھرپور ہوتے ہیں تو کیا یہ ذیابیطس ٹائپ ٹو کے شکار افراد کھا سکتے ہیں؟
درحقیقت عام طور پر کولیسٹرول سے بھرپور غذائیں جیسے انڈوں کے بارے میں ذیابیطس کے مریضوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ انہیں کھانے سے گریز کریں۔
اس بارے میں ڈاکٹروں کی رائے کیا ہے؟
انڈے پروٹین کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں اور امریکن ڈائیبیٹس ایسوسی ایشن نے ذیابیطس کے مریضوں کے لیے ڈاکٹروں کو بہترین انتخاب قرار دیا ہے، کیونکہ ایک انڈے میں آدھا گرام کاربوہائیڈریٹس ہوتے ہیں، تو اسے کھانے سے بلڈ شوگر لیول بڑھتا نہیں۔
اسی طرح ایک انڈے میں لگ بھگ 200 ملی گرام کے قریب غذائی کولیسٹرول ہوتا ہے مگر یہ جسم پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے یا نہیں، اس پر ماہرین متفق نہیں۔
جیسے اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ کولیسٹرول سے بھرپور غذاﺅں کے استعمال سے ذیابیطس کے مریضوں سے روکا جاتا ہے، کیونکہ دوران خون میں کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ خون کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
مگر غذائی شکل میں کولیسٹرول خون کی سطح پر ایسے اثرات مرتب نہیں کرتا، جیسا کبھی تصور کیا جاتا ہے۔
انڈوں کے فوائد
ایک انڈے میں 7 گرام پروٹین ہوتا ہے جبکہ پوٹاشیم کے حصول کا اچھا ذریعہ بھی ہے، جو اعصاب کو معاونت اور مسلز کی صحت کے لیے ضروری جز ہے، پوٹاشیم سے جسم میں سوڈیم لیول بھی متوازن ہوتا ہے جبکہ خون کی شریانوں کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔
انڈوں میں دیگر اجزا جیسے لیوٹین اور کولین بھی ہوتے ہیں، لیوٹین امراض سے تحفظ فراہم کرتا ہے جبکہ کولین سے دماغی صحت بہتر ہوتی ہے۔ انڈے کی زردی میں بائیوٹین ہوتا ہے جو صحت مند بالوں، جلد اور ناخنوں کے لیے ضروری ہے جبکہ انسولین پروڈکشن بھی بہتر ہوتی ہے۔
انڈوں میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز بھی ہوتے ہیں جو کہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند چکنائی ہے۔
انڈوں میں کولیسٹرول نقصان پہنچاتا ہے؟
انڈوں میں موجود کولیسٹرول کی وجہ سے اکثر افراد اسے نقصان دہ بھی تصور کرتے ہیں، مگر غذائی کولیسٹرول کا فرد کے خون میں موجود کولیسٹرول کی مقدار پر اثر ماضی کے خیالات سے بہت کم ہوتا ہے۔
درحقیقت خاندانی تاریخ کولیسٹرول کے حوالے سے غذائی کولیسٹرول سے زیادہ اثرانداز ہوسکتی ہے، اور ایسی غذائیں کولیسٹرول کی سطح بڑھانے کا باعث بنتی ہیں جن میں ٹرانس فیٹس اور سچورٹیڈ فیٹس موجود ہوتے ہیں۔
تاہم ذیابیطس کے مریضوں کو زیادہ تعداد میں انڈے کھانے سے گریز کرنا چاہیے، طبی ماہرین نے ذیابیطس کے مریضوں کو دن بھر میں 200 ملی گرام سے زیادہ کولیسٹرول نہ کھانے کا مشورہ دے رکھا ہے جبکہ ایک بڑے انڈے یں 186 ملی گرام کولیسٹرول ہوتا ہے، تو ایک انڈے سے زیادہ کھانا نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے، مگر کولیسٹرول زردی میں ہوتی ہے تو سفیدی کو بغیر کسی فکر کے کھایا جاسکتا ہے۔
تو ناشتے میں کھایا جاسکتا ہے؟
اگر آپ ذیابیطس کے مریض ہیں، تو ہفتہ بھر میں 3 انڈے سے زیادہ کھانا گریز کریں، اگر آپ صرف سفیدی کھاتے ہیں تو اس کی مقدار بڑھائی جاسکتی ہے۔
اور اگر آپ انڈے کو گھی اور نقصان دہ کوکنگ آئل میں پکائیں تو وہ زیادہ صحت بخش نہیں رہتا تو انڈے ابال کر کھانا ذیابیطس کے مریضوں کے لیے زیادہ بہتر ہوتا ہے، اس میں موجود پروٹین پیٹ بھرنے کے ساتھ بلڈ شوگر لیول متاثر نہیں کرتا۔
پروٹین نہ صرف ہاضمے کا عمل سست کرتا ہے بلکہ یہ گلوکوز کو جذب کرنے میں مدد بھی دیتا ہے، جو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بہت مددگار ہے۔