مشہور زمانہ ہولی وڈ فلم دی میٹرکس ایک مرتبہ پھر اسکرینز پر واپسی کے لیے تیار ہے اور اب اس کی کاسٹ میں بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو کاسٹ کرنے کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں۔
ورائٹی کی رپورٹ کے مطابق بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ‘میٹرکس 4’ کے پروڈیوسرز رابطے میں ہیں اور ان کی شمولیت کا حتمی فیصلہ بھی جلد ہوجائے گا۔
تاہم فلم میں اداکارہ کے کردار کی تفصیلات کو مکمل طور پر راز رکھا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پریانکا چوپڑا اس فلم میں اہم کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔
واضح رہے کہ ہولی وڈ میں یہ پریانکا چوپڑا کی چوتھی فلم ہوگی، وہ اس سے قبل ‘بےواچ’، ‘اے کڈ لائک جیک’ اور ‘ازنٹ اٹ رومانٹک’ نامی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔
انہوں نے امریکی سیریز ‘کوائنٹیکو’ میں مرکزی کردار نبھایا تھا جس کے تین سیزنز سامنے آئے، اس سیریز کے بعد ہی پریانکا چوپڑا کو ہولی وڈ میں شہرت ملی۔
مزید پڑھیں: مشہور زمانہ فلم دی میٹرکس کا وہ راز جو 20 سال تک چھپا رہا
یاد رہے کہ فلم میٹرکس 20 سال قبل ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد اس کے دو سیکوئلز 2003 میں سامنے آئے جنہیں ‘میٹرکس ری لوڈڈ’ اور ‘میٹرکس ریویولیشن’ کا نام دیا گیا۔
فلم میں کیانو ریویز نے مرکزی کردار نبھایا اور وہ فلم کے چوتھے حصے میں بھی ‘نیو’ کا مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔
فلم کی پروڈکشن نامور پروڈیوسرز بہنیں لانا اور لیلی واچوفسکی کریں گی۔
امید ظاہر کی جارہی ہے کہ فلم ‘دی میٹرکس 4’ اگلے سال 21 مئی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔